زراعت اور منسلک شعبوںکیلئے 2017-18ء سے 2021-22 ء تک کا جامع منصوبہ متعارف
جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت احمد بخاری کی صدارت میں پونچھ ضلع ترقیاتی بورڈ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں رواں مالی سال کی طبعی اور مالی حصولیابیوں کا جائز ہ لینے کے علاوہ اگلے مالی سال کے مالی منصوبے کو منظور ی دی گئی۔میٹنگ میں قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین جہانگیر میر ، گجر بکروال ترقیاتی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین چودھری ظفر علی ،پہاڑی بولنے والے طبقے کے ترقیاتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا ، شیڈول کاسٹ طبقے کے ترقیاتی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین بھوشن لعل ڈوگرہ ، کسان ترقیاتی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین دلجیت سنگھ چب، سوشل ویلفیئر مین وائس چیئرپرسن ڈاکٹر نرمل گپتا ، ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا، ممبر اسمبلی پونچھ حویلی شا ہ محمد تانترے ، ممبر اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم ،ایم ایل سی ڈاکٹر شہناز گنائی اور یشپال شرما بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بشارت بخاری نے ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے مابین موثر رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی معاملات کی عمل آوری میں عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔وزیر موصوف نے التوا میں پڑے مختلف کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر دردست لینے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام تعمیراتی کاموںمیں سرعت لا کر ان کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ اس موقعہ پر زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کیلئے 2017-18سے 2021-22ء تک کے جامع ضلع پلان کو متعارف کیا گیا ۔اس ویژن ڈاکیومنٹ کو عنقریب عوام سے رائے طلب کرنے کے لئے منظر عام پر لایاجائے گا۔ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نے ضلع میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے زراعت اور باغبانی شعبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے منصوبہ سازی کے عمل میں عوامی رائے حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں مختلف شعبوںکے تحت حاصل کئے گئے اہداف کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔انہوںنے صحت عامہ ، بجلی ،تعمیرات عامہ ،پی ایم جی ایس وائی ، تعلیم اور صحت شعبوںکے علاوہ ضلع میں عملائی جارہی مختلف سکیموںکے تحت طبعی اور مالی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع انتظامیہ نے 2016-17ء کے کیپکس بجٹ کے تحت دستیاب 90.49 کروڑ روپے میں سے 82.37کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جوکہ کل رقم کا 91.02فیصد ہے۔ضلع میں پلاننگ مشینری اور مڈڈے میل سکیموںکے تحت 100فیصد ہدف حاصل کیا ہے جبکہ امور نوجوان و کھیل کود سرگرمیوںمیں 99.34 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ۔ارکان قانون سازیہ نے میٹنگ میں اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی۔بورڈ میٹنگ کے دوران ارکان قانون سازیہ کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات پر سیر حاصل بحث کے بعد مختلف معاملات کو حل کرنے اور چند ایک کو وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لانے کا فیصلہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی بورڈ نے 2017-18ء کے لئے 184.83کروڑ روپے کے سالانہ منصوبے کو منظوری دی ۔وزیر نے گذشتہ بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر محمد ہارون ملک ،ایس ایس پی راجیو پانڈے اور مختلف محکموںکے سربراہان بھی موجود تھے۔