سرینگر/ضلع پونچھ میں دس روز پہلے پیدا ہوا وہ بچہ جاں بحق ہوگیا ہے جو بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین کراس کنٹرول لائن فائرنگ میں زخمی ہوا تھا۔
حکام نے سوموار کو کہا کہ کراس کنٹرول لائن فائرنگ کا یہ واقعہ پونچھ ضلع کے شہپور علاقے میں پیش آیا تھا اور اس میں زخمی ہوا نو زائد بچہ گذشتہ شب جاں بحق ہوگیا۔
مذکورہ بچے کو ابھی کوئی نام بھی نہیں دیا گیا تھا اور وہ اپنی ماں فاطمہ جان کے ہمراہ اتوار کو کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا تھا۔
چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی کے مطابق نوزائد بچہ اُن کے اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا۔
شہپور میں کراس کنٹرول لائن فائرنگ کے اس واقعہ میں گذشتہ روز ماں بچہ سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔