جموں//ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) جموں و کشمیر نے اس وقت ایک اہم پیش رفت حاصل کی جب اس نے ممبئی ہوائی اڈے سے نارکوٹیرر ماڈیول کے ایک اہم سرغنہ کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد ارشدعرف آصف ولد محمدرشید ساکن دیگوار تروان پونچھ کے نام سے ہوئی ہے۔جو 2023سے مفرور تھا اور سعودی عرب سے کام کر رہا تھا۔یہ مقدمہ مئی 2023 میں پیر پنجال کے علاقے میں کام کرنے والے ایک نارکو ٹیرر ماڈیول کے حوالے سے قابل اعتماد معلومات کے بعد درج کیا گیا تھا۔ پولیس اور فوج کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران30اور31مئی 2023کی درمیانی رات ملی ٹینٹوں اور سرچ پارٹی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے بعد ہونے والی کارروائی میں، چارملی ٹینٹوں کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں ہیروئن 29کلو،دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (IED)ایک ،6دستی بم،ایک اے کے56رائفل اور چار پستولوں کے علاوہ 70گولیاں شامل تھیں۔کیس میں کل آٹھ ملزمان ملوث پائے گئے جن میں سے دو مفرور ہیں۔ ایک مفرورلیاقت احمد، کو اس سے قبل ایس آئی اے جموں نے مارچ 2025میں سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، احمد آباد سے گرفتار کیا تھا جو اس واقعے کے فوراً بعد دبئی فرار ہوگیا تھا۔دوسرا مفرور، محمدارشدعرف آصف، جموں و کشمیر میں پاکستان میں مقیم ہینڈلرز اور آپریٹیو کے درمیان اہم ہینڈلر اور کلیدی لنک ہے۔ اس نے شریک ملزم لیاقت احمد کے دبئی کے سفر میں سہولت فراہم کی تھی اور اس کی رہنمائی میں پیر پنجال کے علاقے میں ملی ٹینسی اور منشیات کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے سرنکوٹ کے علاقے میں ایک خفیہ میٹنگ کا بھی اہتمام کیا تھا۔ایس آئی اے جموں نے پہلے محمدارشد کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا تھا۔ ارشدعرف آصف کے خلاف 2023میں مجاز عدالت سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہوئے۔ ملزم کو ممبئی سے تین روزہ ٹرانزٹ ریمانڈ پر تحویل میں لیا گیا ہے۔