عظمیٰ نیوزسروس
مرادآباد (یو پی)//اتر پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے جموں و کشمیر کے پونچھ کے رہنے والے الفت حسین کو ملک دشمن سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا۔ ایک پریس بیان کے مطابق، گرفتاری جمعہ کو اے ٹی ایس، سہارنپور یونٹ اور متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے جمع کی گئی انٹیلی جنس کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں حسین کےملی ٹینسی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور 2001 میں درج ایک کیس کے سلسلے میں اس کی ‘مطلوب حیثیت کی نشاندہی کی گئی تھی۔اس کیس میں قتل کی کوشش (307 آئی پی سی)، اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی، پوٹا (دہشت گردی کی روک تھام کے قانون) کی خلاف ورزیوں، اور سی ایل اے (مجرمانہ قانون میں ترمیم) ایکٹ سمیت الزامات شامل تھے۔حسین 2001میں اسلحے اور دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے کی برآمدگی کے سلسلے میں بھی مطلوب تھا جس میں ایک رائفل، ہینڈ گرنیڈ، ٹائمرز، ڈیٹونیٹرز، دھماکہ خیز مواد اور زندہ کارتوس شامل تھے۔ اس سال اس کی گرفتاری کے لیے دائمی وارنٹ جاری کیے گئے تھے، اور 25000 روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔تحقیقات سے پتہ چلا کہ حسین مبینہ طور پر نجاب جہان الدین ملی ٹینٹ تنظیم کا رکن ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ مبینہ طور پر 1999 سے 2000 تک عسکریت پسندوں کی تربیت حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیرگیا تھا۔ پھر وہ ہندوستان واپس آیا اور مبینہ طور پرملی ٹینسی کے ایک بڑے واقعے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔اے ٹی ایس کی تحقیقات جاری ہے۔