حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کا تاریخی قلعہ، جو کبھی ضلع کی پہچان اور سیاحوں کے لئے ایک پرکشش مقام سمجھا جاتا تھا، آج انتہائی خستہ حالی اور بدحالی کا شکار ہے۔ مقامی لوگوں نے قلعہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی و انتظامی حکام کو اس طرف فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔سماجی کارکن نشچل شرما نے بتایاکہ یہ قلعہ صدیوں پرانی تاریخ کا امین ہے اور اس نے کئی ادوار کے نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ کے ارد گرد لاپرواہی اور عدم توجہی کے باعث یہ علاقہ جنگلی بھنگ کی افزائش، کچرے کے ڈھیروں اور غیر منظم سرگرمیوں کا گڑھ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منظر کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے باعث شرمندگی ہے کیونکہ تاریخی ورثے کو اس طرح برباد ہونے کے لئے چھوڑ دینا ناقابل قبول ہے۔شرما نے یاد دلایا کہ سابق ڈپٹی کمشنر یاسین محمد چودھری کے دورِ تعیناتی میں اس قلعہ کو ایک جدید اور پرکشش سیاحتی مقام بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی گئی تھیں۔ اس وقت قلعہ کے اطراف صفائی ستھرائی، خوبصورت روشنیوں کی تنصیب، آرائشی پودوں کی دیکھ بھال اور ایک دلکش پارک کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی، جس سے مقامی لوگوں اور بیرونی سیاحوں کو نہ صرف سہولت حاصل ہوئی بلکہ وہ اس تاریخی مقام کی خوبصورتی کو سراہتے بھی تھے تاہم بعد میں مسلسل عدم توجہی اور نااہلی کے سبب یہ عظیم ورثہ کھنڈر میں تبدیل ہو گیا۔سماجی کارکن نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج قلعہ کے اندر اور باہر نصب قیمتی لائٹس ناکارہ ہو چکی ہیں، آرائشی پودے سوکھ گئے ہیں، آلات بوسیدہ ہو چکے ہیں اور پارک بھی کچرے کے ڈھیروں میں بدل گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر اس جانب بروقت توجہ نہ دی گئی تو آنے والی نسلیں اس ورثے کو صرف تاریخ کی کتابوں میں ہی دیکھ سکیں گی۔نشچل شرما نے پونچھ قلعہ کو قومی ورثہ اور پونچھ کی ثقافتی شناخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قلعہ کی بحالی نہ صرف مقامی لوگوں کیلئے فخر کا باعث ہوگی بلکہ یہ سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا کہ قلعہ کی حفاظت کیلئے سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں اور داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ کسی قسم کی توڑ پھوڑ یا گندگی پھینکنے کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ قلعہ کے اطراف صفائی ستھرائی اور سرسبز ماحول قائم رکھنے کے لئے مستقل مالی کی خدمات حاصل کی جائیں ساتھ ہی ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت اس تاریخی ورثے کی بحالی کی جائے تاکہ یہ مقام دوبارہ ایک اہم سیاحتی مرکز ثابت ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ قلعہ محض اینٹوں اور پتھروں کا ڈھانچہ نہیں بلکہ یہ ہماری تہذیب، تاریخ اور ثقافت کی جیتی جاگتی علامت ہے۔ اگر اسے محفوظ اور بہتر حالت میں رکھا جائے تو یہ نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا دے سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پونچھ کی پہچان کو اجاگر کر سکتا ہے۔