پونچھ//پونچھ میں فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر احاطے میں ایک پراسرار دھماکہ ہواجس کی وجہ سے فوج کی ایک بارک جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔شام کے وقت پونچھ کے جھلاس علاقے میں حد متارکہ پر ایک اور فوجی کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا۔منگل کی صبح 10بجکر 45منٹ پر پونچھ قصبہ کے قریب واقع فوج کے 93بریگیڈ ہیڈکوارٹرکے احاطے کے اندر زور دار دھماکہ ہواجس کی وجہ سے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔اس دھماکے سے فوج کی ایک بارک تباہ ہوگئی ۔حادثے کے حوالے سے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے ذرائع ابلاغ کے کو بتایاکہ ایسا لگتاہے کہ دھماکہ پاکستانی فوج کی طرف سے پھینکے گئے گولے کے نتیجہ میںہواہوگا ۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ دھماکے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیںہوا۔ دریں اثناء اس معاملے پر فوج کے جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل دویندر آنند نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ دھماکہفجی احاطے کے اندر ہوا اور یہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں پاکستانی فوج کا کوئی کردار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔دریں اثناء پونچھ کے جھلاس علاقے میں حد متارکہ پر شام کے وقت ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے پورے علاقہ دہل اٹھا۔ یہ دھماکہ شام ساڑھے چھ کے قریب فوجی کیمپ کے نزدیک ہوا جس کی آواز دوردور تک سنائی دی ۔ایک افسر نے بتایاکہ فوج اور پولیس کی ٹیمیں موقعہ پر پہنچ گئی ہیں اور دھماکہ کی وجوہات کا پتہ لگایاجارہاہے۔شبہ ظاہر کیاجارہاہے کہ یہ دھماکہ پھینکے گئے ایک شل کی بدولت ہوگا ۔
اوڑی میں فوجی کی خود کشی
شوپیان میں ہوئی فائرنگ
فیاض بخاری+شاہد ٹاک
بارہمولہ +شوپیان// اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک فوجی اہلکار نے خودکشی کی جبکہ شوپیان میں ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔کمان پوسٹ اوڑی میں تعینات فوج کے ایک اہلکار نے خود پر گولی چلا کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔اس واقعہ کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ادھرضلع شوپیان کے پیر پورہ علاقہ میں فورسز اہلکاروں نے روڈ پر ناکہ لگایا تھا،اسی دوران دو موٹر سائیکل سوار یہان رکنے کے بجاے بھاگ گئے اورفورسز اہلکاروں نے ہوا میں کچھ فائر کئے ۔اسکے بعد بڑے پیمانے پر انکی تلاش شروع کردی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ محمد اشرف شیخ ساکن آری ہل پلوامہ نامی ایک شخص کو تلاشی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔