محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (وائی ایس ایس) پونچھ کی جانب سے سالانہ سرگرمی کیلنڈر 2025–26 کے تحت انڈر–17 گرلز بین الاضلاعی یو ٹی سطح کرکٹ مقابلوں کا آغاز ضلع پونچھ میں شاندار انداز میں ہوا، جس میں جموں و کشمیر کے 14 اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ اور کالج گراؤنڈ پونچھ میں منعقد ہوئی۔ اسپورٹس اسٹیڈیم میں تقریب کا افتتاح ایس پی موہن لال شرما (ایڈیشنل ایس پی پونچھ) نے بطور مہمانِ خصوصی کیا، جبکہ کالج گراؤنڈ میں ایس کے سی ڈگری کالج پونچھ کے وائس پرنسپل اورنگ زیب احمد مہمانِ خصوصی رہے۔ایس پی موہن لال شرما نے اپنے خطاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ’منشیات کو نہ، کھیلوں کو ہاں کہو‘۔انہوں نے محکمہ وائی ایس ایس کی نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لئے جاری کاوشوں کو سراہا۔یہ مقابلے ڈائریکٹر جنرل وائی ایس ایس جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری انورادھا گپتا اور جوائنٹ ڈائریکٹر وائی ایس ایس وناکشی کول کی قیادت میں منعقد کئے جا رہے ہیں، جبکہ ضلع پونچھ میں تمام انتظامات ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر، محمد قاسم کی نگرانی میں انجام دئیے جا رہے ہیں۔اس دوران محمد قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے بڑے پلیٹ فارمز تک رسائی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور عملے کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ مقابلے محکمہ وائی ایس ایس کے اس مشن کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی ہے۔ڈائریکٹوریٹ وائی ایس ایس نے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے ایک خصوصی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، جو نمایاں کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی تاکہ وہ مستقبل میں یو ٹی اور قومی سطح پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں۔مقابلوں کی کامیاب تنظیم میں سرگرمی انچارج وجے کمار نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جبکہ مختلف افسران، بشمول زونل پی ای او، پی ای ایل، پی ای ایم، پی ای ٹی اور آر ای کے عملے نے نظم و ضبط اور شفافیت برقرار رکھنے میں اہم خدمات انجام دیں۔پہلے دن پونچھ نے راجوری کو ہرایا،سری نگر نے بڈگام کو شکست دی،اننت ناگ نے کٹھوعہ کو مات دی،اودھم پور نے کپواڑہ کو ہرایا،کولگام نے جموں کو شکست دی جبکہ شوپیاں نے سانبہ کو ہرایا۔پہلے دن کے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور کھیلوں کے حقیقی جذبے کا مظاہرہ کیا۔ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا مظہر ہے بلکہ جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔