حسین محتشم
پونچھ//ملک بھر میں 79ویں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اسی سلسلے میں سپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں 15 اگست کی مرکزی تقریب کے لئے فل ڈریس ریہرسل کا اہتمام کیا گیا۔ریہرسل میں اضافی ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفی ملک نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس کے بعد مارچ پاسٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف دستوں نے نہایت شاندار اور ہم آہنگ انداز میں مارچ پاسٹ پیش کیا، جس میں جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز، این سی سی، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز، اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔اس موقع پر قومی ترانے کی گونج اور ترنگے کی لہراتی شان نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبات سے بھر دیا۔ مارچ پاسٹ کے دوران طلبا و طالبات کی پریڈ، ثقافتی جھلکیاں، اور ملی نغموں کی پیشکش نے تقریب کو مزید جاذبِ نظر بنایا۔اضافی ڈپٹی کمشنر پونچھ نے ریہرسل کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور شرکاء کی محنت کو سراہا اور کہا کہ 15 اگست کو منعقد ہونے والی مرکزی تقریب کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ریہرسل میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، محکمہ تعلیم، کھیل و ثقافت، اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اسٹیڈیم میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ عام عوام کے لیے بھی شرکت کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔