محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (وائی ایس او) پونچھ کے زیرِ اہتمام ضلع سطحی یوتھ فیسٹیول شاندار انداز میں منعقد ہوا، جو آئندہ ہونے والے 29ویں نیشنل یوتھ فیسٹیول کے لئے ضلع سطح پر انتخابی مرحلے کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر ضلع پونچھ کے تمام 11 زونز سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے پْرجوش انداز میں حصہ لیا۔ تقریباً 102 شرکاء نے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جن میں لوک گیت، لوک رقص، تقریر، مصوری، شاعری، کہانی نویسی اور سائنس ایگزیبیشن میلہ شامل تھے۔ نوجوانوں کی یہ رنگا رنگ پیشکشیں نہ صرف ان کے تخلیقی جوہر کی عکاس تھیں بلکہ پونچھ کی ثقافتی پہچان کا مظہر بھی قرار پائیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر جسبیر سنگھ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ تھے، جب کہ ڈاکٹر علمدار، کلچرل آفیسر، مہمانِ اعزاز کے طور پر موجود رہے۔اس یادگار تقریب کی نگرانی محمد قاسم، ضلعی یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر (ڈی وائی ایس ایس او) پونچھ نے انجام دی، جب کہ وجے کمار سرگرمی انچارج کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔یہ فیسٹیول سمت انورادھا گپتا (جے کے اے ایس)، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر یو ٹی، اور سمت ونکشی کول (جے کے اے ایس)، جوائنٹ ڈائریکٹر وائی ایس ایس کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی وائی ایس ایس او پونچھ محمد قاسم نے نوجوانوں کے جوش و خروش اور فن کاوشوں کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ وائی ایس ایس کا مقصد ضلع کی سطح پر پوشیدہ فنی، ثقافتی اور سماجی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ریاستی و قومی سطح پر اپنی پہچان قائم کر سکیں۔پونچھ کے اس کامیاب یوتھ فیسٹیول نے نہ صرف نوجوانوں میں اعتماد پیدا کیا بلکہ یہ ثابت کر دیا کہ جموں و کشمیر کا نوجوان طبقہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ہر موقع پر تیار ہے۔