عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنرپونچھ، پنکج مگوترا نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلعی کیپیکس بجٹ 2024-25 کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بنیادی طور پر پنچایتی راج اداروں ،بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ضلعی ڈیولپمنٹ کونسل کے تحت جاری منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جن پر محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی محکمہ عمل درآمد کر رہے ہیں۔اے ڈی ڈی سی نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، جل شکتی، گراؤنڈ واٹر، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، صحت اور تعلیم کے محکموں کے کاموں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے مربوط اور ہدفی کوششیں کی جائیں۔انہوں نے صحت اور تعلیم سے متعلق زیر التواء منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اْن کا کہنا تھا کہ جن منصوبوں میں تنازعات حل طلب ہوں اور ان کا کوئی عملی حل ممکن نہ ہو، انہیں آئندہ منصوبہ بندی سے خارج کر دیا جائے۔چیف ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ منصوبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ وہ ادھورے نہ رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکافی فنڈز کی تقسیم سے ترقیاتی کاموں پر منفی اثر پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کم لاگت والے منصوبے ترجیحاً دیہی ترقی محکمہ کے ذریعے مکمل کیے جائیں تاکہ مؤثر اور نچلی سطح پر عملدرآمد ممکن ہو۔گراؤنڈ واٹر ڈویژن کی جانب سے فنڈز کی موجودگی کے باوجود کئی کام شروع نہ کرنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے تحریری رپورٹ طلب کی۔