سمیت بھارگو
راجوری//پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبر کے گھر کے سامنے ہونے والے دھماکے سے خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً 10بجکر30 منٹ پر ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک کے گھر کے سامنے درمیانی شدت کا دھماکہ ہوا۔ضلعی ترقیاتی کونسل کے رکن کا گھر ان کے آبائی گاؤں فضل آباد سرنکوٹ میں واقع ہے۔ دھماکے سے اسکی ذاتی بولیرو گاڑی کے اگلے دونوں ٹائر وں کو نقصان ہوا جبکہ آئل چیمبر سمیت دیگر حصہ بھی پھٹ گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد فوج اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر بم کے ماہرین کو بھی بلایا گیا جنہوں نے دھماکے کی جگہ کے ضروری نمونے اکٹھے کر لیے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہے تاہم قوی شبہ ہے کہ باہر سے کوئی چیز پھینکی گئی ، جس سے دھماکہ ہوا ہے۔علاقے میںر رات کے اوقات میں تلاشی کی گئی جو جمعہ کو بھی جاری رہی جبکہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں۔” سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور پولیس اور فوج کے دیگر اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر موجود رہے جبکہ ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن پونچھ نے بھی ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک کے گھر کا دورہ کیا اور حکام سے معاملے کی ترجیحی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کو کہا۔ سہیل ملک نے بتایا کہ وہ اپنے کمرے میں بیٹھے ہوئے تھے کہ انہوں نے آواز سنی ،جیسے گھر کے باہر کوئی چیز گر گئی جس کے بعد دھماکہ ہوا جس میں ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ وہاں بیٹھا ایک جانور بھی ہلاک ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کے گھر پر براہ راست حملہ ہے جس کی وجہ سے پورا علاقہ خوف و ہراس کا شکار ہے۔