محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ ضلع والی بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور والی بال ایسوسی ایشن آف جموں و کشمیر کے زیرِ سرپرستی، پونچھ ڈسٹرکٹ والی بال چمپئن شپ کا آغاز زبردست جوش و جذبے کے ساتھ ہو گیا۔ یہ مقابلے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے تعاون اور شہید ڈی ایس پی منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب کے اشتراک سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔قابل ذکر بات ہے کہ پونچھ میں پہلی مرتبہ یہ چمپئن شپ فلڈ لائٹس میں کھیلی جا رہی ہے، جس نے کھلاڑیوں اور شائقین کے جوش و خروش میں ایک نیا رنگ بھر دیا ہے۔اس باوقار چمپئن شپ میں 16 مردوں کی اور 4 خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ دوسرے روز کے مقابلوں کے موقع پر جامعہ ضیاء العلوم ہائی اسکول کے پرنسپل وحید احمد بانڈے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں۔روزِ دوم کے مقابلوں میں چنڈک نے براچھڑ کو 25-20، 25-19 سے شکست دی، جب کہ ایس ایم ایس کلب نے کھولی کلب کو 25-20، 25-21 سے ہرایا۔ ایک دلچسپ مقابلے میں پونچھ کلب نے ممتاز کلب کو 26-28، 25-21، 15-13 سے مات دی۔ بعد ازاں مخدومی کلب نے چنڈک کلب کو 25-15، 23-25، 15-10 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ان مقابلوں کی نگرانی تجربہ کار ریفریوں جن میں شبیر احمد، جتیندر پال، دیویندر سنگھ، انتظار علی، سِدھارت حسین اور اعجاز احمد شامل ہیں نے کی۔ماہرین کے مطابق پونچھ میں جاری یہ چمپئن شپ نہ صرف مقامی کھیلوں کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہو رہی ہے بلکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب مائل کرنے میں بھی ایک مؤثر قدم ہے۔