عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جموں و کشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (JKEDI) کے ضلعی مرکز پونچھ میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (MSMEs) کے لئے چھ روزہ (30 گھنٹوں پر مشتمل) مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام (MDP) کا آغاز ہوا۔ یہ پروگرام رائزم اینڈ ایکسیلریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس (RAMP) اسکیم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔پروگرام کا باضابطہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفیٰ ملک نے کیا، جسے مقامی صنعت کاروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ورلڈ بینک کے اشتراک سے چلنے والی رائزم اسکیم کا مقصد یونین ٹیریٹری میں ایم ایس ایم ایز کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کا دائرہ کار مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ، ٹیکنالوجی اپنانے کا فروغ، مالی شمولیت میں بہتری اور ادارہ جاتی تعاون پر مشتمل ہے۔اس تربیتی پروگرام میں 20 مقامی صنعت کاروں نے شرکت کی، جنہیں کاروباری نظم و نسق، عملی کارکردگی، اور سرکاری معاونت کے طریقہ کار کے بارے میں عملی تربیت دی جائے گی۔ شرکاء ماہرین اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز میں شامل ہوں گے تاکہ وہ جدید معلومات اور مہارتیں حاصل کر سکیں۔پروگرام کے افتتاح کے موقع پر ضلعی نوڈل آفیسر جے کے ای ڈی آئی، شبیر حسین شاہ، پروجیکٹ منیجر افتخار بشیر اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔یہ پروگرام خطے میں خود کفیل ایم ایس ایم ای ایکو سسٹم کی تشکیل کی جانب ایک اسٹریٹجک اقدام ہے، جو جے کے ای ڈی آئی کے مقامی سطح پر کاروبار اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔