پونچھ// حسین محتشم //ہندوپاک افواج کے درمیان ایک بار پھر سے پونچھ کے مختلف سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری کاتبادلہ ہواہے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سرکاری طور پر بتایا گیاکہ پاکستانی افواج کی طرف سے پونچھ کے کھڑی کرماڑہ اور دیگوار علاقوں میں قائم بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایاگیا اور اس دوران 82اور 120ایم ایم کے مارٹر شیل بھی داغے گئے ۔حد متارکہ پرپچھلے چھتیس گھنٹوں میں فائرنگ اور گولہ باری کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ فوج کے دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل منیش مہتا کاکہناہے کہ پاکستان کی طرف سے اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کا بھارتی فوج نے بھرپور جواب دیا۔انہوںنے بتایاکہ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شام 6بج کر 40منٹ پر ہواجو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہاں جنگ کا سماں بناہواہے اور دونوں ممالک کی افواج گولے برسارہی ہیں ۔اگرچہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیںہواالبتہ کئی ڈھانچوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ادھرپاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دوسری بار طلب کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹرفیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔