عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے پٹوار حلقہ شاہ پور، ضلع پونچھ کے پٹواری جمیل احمد بٹ کو 15,000 روپے رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں پھانس کر گرفتار کیا۔ یہ کارروائی اے سی بی کو موصول ہونے والی تحریری شکایت کے بعد کی گئی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ حالیہ شدید بارش کے دوران شکایت کنندہ کے گھر کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اسٹیشن پونچھ میں نقصان کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ جب شکایت کنندہ نے پولیس رپورٹ کے ساتھ متعلقہ پٹواری جمیل احمد بٹ سے رابطہ کیا اور معاوضے کے لیے درخواست فارم مکمل کیے تو پٹواری نے مبینہ طور پر کیس کی کارروائی کے لیے 20,000روپے رشوت طلب کی۔رشوت دینے کو تیار نہ ہونے پر، شکایت کنندہ نے مالی طور پر مجبور ہونے کی وجہ سے اے سی بی سے رجوع کیا اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایک رسمی شکایت درج کی۔شکایت موصول ہونے پر، انسداد بدعنوانی ایکٹ کے سیکشن 7کے تحت پولیس اسٹیشن اے سی بی راجوری میں ایف آئی آر نمبر 06/2025درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔تفتیش کے دوران، اے سی بی راجوری کی ایک ٹیم نے جال بچھا کر ملزم پٹواری کو شکایت کنندہ سے 15,000روپے مانگتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اسے فوراً موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد اس کے رہائشی احاطے میں بھی تلاشی لی گئی۔کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔