حسین محتشم
پونچھ// بڑھتے ٹریفک حادثات کو روکنے کے لئے سخت گیر اقدامات اٹھاتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہوئے پونچھ قصبہ کے کئی مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔اس دوران سڑکوں پر بے قاعدگیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر دی۔اس دوران متعدد ٹریکٹر، موٹر سائیکل اور دیگرگاڑیاں جن کے ڈرائیور بغیر لائسنس کے گاڑی چلا رہے تھے یا پھر ٹریفک قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کر رہے تھے ان کے چالان کاٹے اور کئی گاڑیاں ضبط کی گئی۔اس دوران خاص طور پر کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انھیں باز رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا مشاہدے میں آیا ہے کہ کافی حد تک ٹریفک حادثات نوجوان ڈرائیوروں کی بے احتیاطی کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ بغیر لائسنس اور ہیلمٹ کے گاڑی چلانے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی بلکہ دوسروں کی جانوں کے لئے بھی خطرہ ہے۔ ہم ایسی تمام حرکات پر سختی سے قابو پائیں گے۔انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک گاڑی یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ محکمہ کو دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد جرمانہ وصولنا نہیں بلکہ سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔