محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ میں ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک مؤثر اور وسیع کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعدد گاڑیاں ضبط کر لیں۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں گردھاری لعل شرما کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کے طور پر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق، ڈی وائی ایس پی راجوری/پونچھ شو کمار کی نگرانی اور ایس او ٹریفک محمد معروف کی قیادت میں ٹریفک پولیس کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے لگائے۔ اس کارروائی کا بنیادی مقصد اُن گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینا تھا جن میں غیر قانونی طور پر موڈیفیکیشن کر کے انہیں شور و آلودگی کا باعث بنایا گیا تھا، اور وہ گاڑیاں جو دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث تھیں۔ٹریفک پولیس نے کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گاڑیوں کو روکا، ان کے کاغذات اور تکنیکی حالت کا معائنہ کیا۔ متعدد گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا جب کہ درجنوں ڈرائیوروں کے خلاف چالان کیے گئے۔اہم خلاف ورزیوں میں ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا، سیٹ بیلٹ سے غفلت، اوور اسپیڈنگ، ون وہیلنگ، اور انجن و سائلنسر کی غیر قانونی تبدیلیاں شامل تھیں۔ایس او محمد معروف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور یہ مہم وقتی نہیں بلکہ ایک مسلسل سلسلہ ہے تاکہ عوام میں قانون کی پاسداری کا شعور پیدا کیا جا سکے۔ڈی وائی ایس پی شو کمار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک کے اصولوں کا احترام کریں، کیونکہ ان کا مقصد عوام کو پریشان کرنا نہیں بلکہ ان کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔اس کارروائی سے پونچھ میں ٹریفک نظم و ضبط کے حوالے سے ایک واضح پیغام دیا گیاہے کہ قانون شکن عناصر کے لیے رعایت کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہے گی، اور قانون کی گرفت اب مزید سخت ہو گی۔