حسین محتشم
پونچھ// جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں موڈیفائیڈ سائلنسر والی دو پہیہ گاڑیاں شرعام چلائی جا رہی ہیں جو شہریوں کے لئے پریشانیوں کا باعث بن رہے ہیں، پرائیویٹ ایکو کاریں تجارتی مقاصد کے لئے استعمال ہو رہی ہیں، اور گاڑیوں پر سکولی بچوں کو سامان کی طرح لاد دیا جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر HSRP کے سینکڑوں دو پہیہ گاڑیاں سڑکوں پر رینگتی نظر آتی ہیں لیکن بدقسمتی سے متعلقہ محکمہ ان سے بے خبر ہے جس کی وجہ سے لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے بجائے کھلے عام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور اس کی وجہ سے حادثات رونما ہورے ہیں۔ایک شہری نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ لوگوں کو مسافر گاڑیوں میں لاد کر بھیڑ بکریوں کی طرح لادا جاتا ہے لیکن کوئی قانون نافذ کرنے والا ان سے باز پرس کرنے کی جرات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا دریائے پونچھ کے اطراف اور دریا کے کناروں کے قریب ٹریکٹر ڈرائیور غیر قانونی کان کنی کر کے میٹریل لے کر سڑکوں پر رقص کرتے ہیں جیسے انہوں نے سڑکیں خرید لی ہوں جبکہ یہ صرف زراعت کے لئے تھے۔ پونچھ کے عوام نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل سے ذاتی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں حادثات سے بچا جا سکے۔