حسین محتشم
پونچھ//شہید ڈی ایس پی منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب کے زیر اہتمام ایک ماہ طویل سمر والی بال کوچنگ کیمپ گورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ میں شروع ہوا۔ منتظمین نے خصوصی تربیتی کیمپ کے لئے تقریباً 60 لڑکوں اور لڑکیوں کا اندراج کیا ہے۔ کیمپ ضلع کے اسٹار والی بال کھلاڑی ایاز احمد مدنی کی موجودگی میں شروع ہوا، جنہیں CAVA والی بال لیگ میں شرکت سے قبل ہندوستانی سینئر مرد والی بال ٹیم کے کیمپ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ ایاز احمد مدنی کو مہمان خصوصی، جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کے سابق ڈویڑنل اسپورٹس آفیسر اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری کرشن لال شرما نے بھی ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں یوٹی کے مختلف حصوں سے ابھرتے ہوئے اسپائکرز سے بات کرتے ہوئے، کرشن شرما نے دور دراز اور سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے تئیں اپنی لگن کے لئے شہید منجیت والی بال کلب کے چیئرمین محمد طارق کی کوششوں کی تعریف کی۔اس موقع پر معروف ناظم پردیپ کھنہ بھی موجود تھے جنہوں نے منتظمین کی جانب سے ایک ماہ تک جاری رہنے والے کیمپ کے بارے میں اجتماع کو آگاہ کیا۔