جموں//باغبانی کے وزیر بشارت بخاری نے پونچھ ضلع میں میوہ فصلوں کو ہوئے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیر موصوف نے اس سلسلے میں احکامات صادر کرتے ہوئے باغبانی محکمے کے افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ مختلف وجوہات کی وجہ سے ہوئے نقصان پر قابو پانے کیلئے جامع اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ باغبانی شعبے کو مزید نفع بخش بنانے کیلئے اس کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور میوہ کو اتارنے کے بعد نقصانات سے بچانے کی طرف دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے آمدنی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ بشارت بخاری نے افسروں سے کہا کہ وہ پچھلے دو برسوں کے دوران ہوئے نقصان کا جائیزہ لے کر احتیاطی اقدامات تجویز کریں ۔ اُنہوں نے اگلے 5 برسوں کیلئے ایک منصوبہ ترتیب دینے کی بھی ہدایات دیں تا کہ اس صنعت کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے ۔