محتشم احتشام
پونچھ//جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری، ناخوں والی روڈ، شہر پونچھ کے زیر انتظام مکہ مسجد اور دارالقرآن کی تعمیر میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ جامعہ انتظامیہ کے مطابق منصوبے کی پہلی منزل کا لینٹر کامیابی کے ساتھ ڈال دیا گیا ہے۔اس موقع پر ریاست جموں و کشمیر کے ممتاز عالمِ دین، حضرت مولانا مفتی نذیر احمد قاسمی مدظلہ (شیخ الحدیث و صدر مفتی دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ) نے زیرِ تعمیر منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے انجینئرنگ پلان اور نقشے کے بارے میں بریفنگ حاصل کرنے کے بعد رقت آمیز دعا فرمائی۔ اسی دوران جامعہ مرکز المعارف، بٹھنڈی جموں کے شیخ الحدیث و صدر مفتی مفتی صغیر احمد زید مجدہ نے بھی علما کے ایک وفد کے ہمراہ جامعہ کا دورہ کیا اور تعمیر کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کیں۔جامعہ کے ناظمِ تعمیرات و خزانچی الحاج رینجر منیر حسین اور ٹھیکیدار الحاج محمد فرید کی قیادت میں گاؤں سنئی سے تعلق رکھنے والے پچاسی افراد پر مشتمل عملے نے پہلی منزل کی چھت ڈالنے کا کام بحسن و خوبی مکمل کیا۔الحاج رینجر منیر حسین کے مطابق، اگر موسم سازگار رہا تو دسمبر میں دوسری منزل کا لینٹر بھی مکمل کر لیا جائے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری، جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی میں اس وقت چار سو سے زائد امدادی طلبا و طالبات اور ایک ہزار طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جب کہ 117 اساتذہ و منتظمین مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔جامعہ کی انتظامیہ نے تمام معاونین اور محبین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دعاؤں اور تعاون سے تعمیری منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، اور ادارہ امید رکھتا ہے کہ مکہ مسجد اور دارالقرآن جلد از جلد اہلِ ایمان کے لیے عبادت و تعلیم کا مرکز بن جائیں گے۔