حسین محتشم
پونچھ//امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شہادت کی مناسبت سے سہ روزہ مجالس عزاء منعقد ہوئی جس میں عوام کے مختلف طبقات نے شرکت کی۔مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عابد حسین جعفری نے خاندان فاطمی کے اصولوں کو سبق آموز اور نمونہ عمل قراردیتے ہوئے کہا قرآن مجید میں حضرت زکریا کا خاندان اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا خاندان نمونہ عمل کے طور پر پیش کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا خیرات اور نیکیوں کی طرف سبقت ،اللہ تعالی کے سامنے خشوع اور اس کو پکارنا ، نذر اور اس کو ادا کرنے پر اعتقاد ، خوف خدا اور خوف روز جزا ، فقیروں کو کھانا کھلانا اور اللہ تعالی کی راہ میں انفاق اور اخلاص فاطمہ زہرا کی خاص خصوصیات ہیں۔انہوں نے فاطمی زندگی کے اصولوں پر توجہ دینے ، اللہ اور اس کے رسول (ص) کی مرضی پر زندگی کی بنا قائم کرنے،اور خاندانی افراد کے درمیان محبت کی اصل کو مضبوط بنانے سے خاندان کوخطرات کے مقابلے میں محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور یہ خصوصیات معاشرے میں عام سلامتی کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے مصائب بیان فرماتے ہوئے کہا کہ جناب فاطمہ زہرا کی شہادت کا دن عاشور سے کم نہیں ہے۔ مجلس کے دوران نعت و منقبت، سلام و نوحہ اور کشمیری مرثیہ محبان فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے پیش کئے۔ اخیر میں پوری دنیا میں امن و امان لے لئے دعائیں طلب کی گئی۔