محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ کی جانب سے نوجوانوں میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے مقصد سے ایک شاندار آگاہی ریلی کا انعقاد جامعہ ضیاء العلوم کامسر کے اشتراک سے کیا گیا۔ریلی کا آغاز جامعہ کے احاطے سے ہوا جو پوسٹ آفس چوک، ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ سے گزرتی ہوئی کامسرچوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ طلباء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے نقصانات اور صحت مند معاشرتی زندگی کے پیغامات درج تھے۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے عوام میں بیداری پیدا کی۔اس موقع پر پونچھ پولیس کے افسران نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی سرمایہ ہے، لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ منشیات کے خلاف سفیر بن کر اپنے گاؤں، محلوں اور تعلیمی اداروں میں اس لعنت کے خاتمے کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، خاندانی نگرانی اور اجتماعی ذمہ داری ہی منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے بنیادی عوامل ہیں۔بعد ازاں جامعہ ضیاء العلوم میں ایک آگاہی لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں 11ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کو منشیات کے مضر اثرات، صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سرگرمیوں کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ضلع پولیس پونچھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف جدوجہد کو مزید مضبوط کیا جائے گا، اور آگاہی مہمات، مشاورتی نشستوں اور سماجی روابط کے ذریعے نوجوانوں کے لئے ایک محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔