محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ میں عوامی صحت کے فروغ اور بینائی سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اے ایس جی آئی ہسپتال سری نگر کے اشتراک سے دو روزہ مفت آنکھوں کا معائنہ اور سکریننگ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا اعلان سماجی کارکنان امتیاز سلاریہ اور شفیق حسین بابا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔کیمپ 18 اور 19 اکتوبر (ہفتہ اور اتوار) کو میڈیسٹی ہال، ناخواں والی روڈ (وشال میگا مارٹ کے بالمقابل)، پونچھ میں صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک منعقد ہوگا۔اس موقع پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مریضوں کا مفت آنکھوں کا معائنہ اور سکریننگ کرے گی۔امتیاز سلاریہ نے بتایا کہ جن مریضوں کو آپریشن کی ضرورت محسوس ہوگی، ان کا آپریشن اے ایس جی آئی ہسپتال سری نگر میں کیا جائے گا، جہاں مریضوں کو مفت ٹرانسپورٹ، قیام اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تمام آپریشنز گولڈن کارڈ اسکیم کے تحت مکمل طور پر مفت انجام دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ نہ صرف ضلع پونچھ کے مکینوںبلکہ قریبی علاقوں جیسے مینڈھر، سرنکوٹ، منڈی، لورن اور بفلیاز کے عوام کے لئے بھی ایک بہترین موقع ہے۔ہم ضلع بھر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مفت کیمپ میں شریک ہو کر اپنی آنکھوں کا معائنہ ضرور کروائیں۔ آنکھوں کی بیماریوں میں بروقت علاج نہایت ضروری ہے، اور یہ کیمپ اسی مقصد کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔شفیق حسین بابا نے کہا کہ کیمپ میں آنے والے مریضوں کو جدید مشینوں سے معائنہ فراہم کیا جائے گا تاکہ ہر مریض کو درست تشخیص اور بروقت علاج کی سہولت مل سکے۔انہوں نے عوام، خاص طور پر بزرگوں اور اسکولی بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کو ضائع نہ کریں اور اپنے قریبی عزیزوں سمیت کیمپ میں شرکت کریں۔پونچھ کے سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپ عوامی خدمت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جو لوگوں کو مفت اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کر کے صحت عامہ کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔