حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر محکمہ فوڈ سیفٹی، طارق محمود کی زیر قیادت افسران کی ٹیم نے پونچھ شہر اور تحصیل سرنکوٹ میں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور صفائی کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع مہم چلائی۔ اس مہم کا مقصد صارفین کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ٹیم میں انسپکٹر ہیڈ کوارٹر ظفر اقبال اور انسپکٹر سرنکوٹ رئیس احمد ملک سمیت دیگر افسران اور اہلکار شامل تھے، جنہوں نے مختلف دکانوں، ریستورانوں اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ معائنہ کے دوران، ٹیم نے حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری، اشیاء کے معیار، اور تاریخِ میعادِ استعمال کا بغور جائزہ لیا۔مہم کے دوران، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور خراب اشیاء فروخت کرنے پر چھ دکانداروں کے چالان کاٹے گئے۔ ان دکانداروں کو سخت انتباہ دا گیا کہ وہ مستقبل میں ایسی سرگرمیوں سے باز رہیں۔ اس کے علاوہ، دیگر کئی دکانداروں کو بھی انتباہ جاری کیا گیا کہ وہ صرف صاف ستھری اور معیاری اشیاء ہی فروخت کریں۔ محکمہ فوڈ سیفٹی نے واضح کیا کہ اگر آئندہ کسی بھی دکاندار کی جانب سے لاپرواہی یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت پائی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ فوڈ سیفٹی صارفین کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ شہریوں کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق خوراک میسر ہو۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر معیاری یا خراب اشیاء کی فروخت کے بارے میں فوری طور پر محکمہ فوڈ سیفٹی کو اطلاع دیں۔