حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں محکمہ فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ شہر خاص میں فوٹ پاتھ اور بس اڈہ کے نزدیک عوامی ہجوم والی مخصوص جگہوں پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی تمام ریڑھیوں کا جائزہ لیا اور فروخت کی جا رہی اشیاء کے معیار کا معاینہ کیا اور ساتھ ہی انہیں کام کرتے وقت دستانے لگانے کی مخصوص ہدایات جاری کرتے ہوئے ان میں دستانے بھی تقسیم کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی طارق محمود کے ہمراہ اس دوران انسپکٹر رئیس احمد ملک ،انسپکٹر ظفر اقبال اور دیگر فوڈ سیفٹی محکمہ کے عملے نے مختلف مقامات پر ریڑھیوں کی چیکنگ کے دوران ریڑھی والوں کو صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اشیاء خوردونوش کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے ریڑھی والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کو معیاری اشیاء فراہم کریں اور حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ سیفٹی محکمہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً ایسے اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے تاکہ عوام کو صحت مند اور معیاری غذا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی طارق محمود نے بتایا کہ ان کا مقصد شہر میں فوڈ سیفٹی کے معیار کو برقرار رکھنا ہے اور اس کے لئے وہ ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر کے تمام ریڑھی والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کریں اور صارفین کو معیاری اشیاء فراہم کریں۔اس موقع پر ریڑھی والوں نے اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی طارق محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ہدایات پر عمل کریں گے۔