حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر ضلع بھر کے لوگوں کی جانب سے محکمہ بجلی کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گی۔ احتجاج کرنے والے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو بجلی کے اضافی بل دیئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پرتا ہے۔ احتجاجی افراد کا کہنا تھا کہ وہ بجلی کی اضافی بلوں سے تنگ آ چکے ہیں اور انہیں محکمہ کی طرف سے مرتب کردہ شیڈول کے مطابق بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی کے ملازموں کی جانب سے ان کے گھروں میں بجلی کے بل دے کر انہیں کہا گیا تھا کہ 22 تاریخ کو شہر خاص پونچھ میں لوک عدالت لگے گی جہاں ان کے بل معاف کئے جائیں گے لیکن کوئی لوک عدالت نہیں ہوئی جبکہ سینکڑوں لوگ دور دراز علاقہ جات سے مشکلات کا سامنا کر کے صدر مقام پر پہنچے تھے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بنیادی ضروریات کے کام پورے نہیں کر پا رہے ہیں۔ایک شخص نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ان کو 200 یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی اس کے بجائے ان سے اضافی بل طلب کیے جا رہے ہیں۔علاقے کے لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد بجلی سپلائی میں بہتری لائی جائے اور ان سے کئے گئے وعدوں کے مطابق انھیں مفت بجلی دی جائے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران لوگوں کی جانب سے ایک زبردست ریلی نکالی گئی جو پونچ کے صدر مقام سے ہوتے ہوئے قلعہ کے سامنے اس گزرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر اختتام پذیر ہوئی۔