عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ، وکاس کنڈل نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ان کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے جلوس کے روٹس، مجالس، بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی، سڑکوں کی مرمت، سیکیورٹی، طبی سہولیات، ایمبولینس کی دستیابی، لاؤڈ اسپیکر سسٹم، راشن و ایل پی جی کی ترسیل، ٹریفک کنٹرول، صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت اور واٹر ٹینکرز کی فراہمی سے متعلق ضروری اقدامات پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے پونچھ میونسپل کمیٹی اور میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کو ہدایت دی کہ وہ تمام قصبوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کو یقینی بنائیں۔ چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ محرم کے جلوسوں اور امام بارگاہوں میں طبی سہولیات اور ایمرجنسی سروسز کا مکمل بندوبست کریں۔جل شکتی اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ پانی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں، اور ضرورت کے مطابق واٹر ٹینکرز تعینات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ محرم کے پْرامن اور بااحترام انعقاد کے لئے کمیونٹی لیڈرز اور سول سوسائٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ نے یقین دہانی کرائی کہ سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے جائیں گے اور تمام اہم مقامات پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ، ایڈیشنل ایس پی، چیف میڈیکل آفیسر، ایکس ای اینز (پی ڈبلیو ڈی، جل شکتی، جے پی ڈی سی ایل)، اے آر ٹی او، ڈی آئی او، تحصیلدار (حویلی و منڈی)، اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے، دیگر محکمہ جات کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔