سمت بھارگو
پونچھ//پونچھ کے بھینچ کلشن علاقہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں لینڈ سلائیڈ کی زد میں آ کر ایک سرکاری اسکول کا حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک پانچ سالہ طالبعلم جاں بحق جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب پونچھ شہر سے تقریباً چار کلومیٹر دور واقع بھینچ گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور اس کے ملبے نے گورنمنٹ اسکول کی عمارت کے اس حصے کو نقصان پہنچایا جہاں پہلی جماعت کے بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔زخمی ہونے والے تمام بچوں کو فوری طور پر راجہ سْکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا، جہاں پانچ سالہ احسن احمد ولد رفیق حسین ساکن بھینچ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔دیگر زخمی بچوں میں محمد صفیر (عمر 7سال)، بلال فاروق (عمر 8سال)، آفتاب احمد (عمر 6سال)، اور طوبیٰ کوثر (عمر 7سال) شامل ہیں۔ تمام زخمی بچوں کا علاج ہسپتال میں جاری ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق، کئی دیگر طلباء بھی اْس وقت کلاس روم میں موجود تھے، لیکن وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے فوری طور پر مہاراجہ سْکھ دیو سنگھ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ بچوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے فوری امداد کے طور پر ریڈ کراس فنڈ سے مرحوم طالبعلم کے اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے اور زخمی بچوں کے اہل خانہ کو فی کس پچاس ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اے سی آر، تحصیلدار حویلی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے اس اندوہناک سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم بچے کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔