حسین محتشم
پونچھ//محکمہ فوڈ سیفٹی کی خصوصی مہم کے تحت اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی کمشنر طارق محمود نے پونچھ میں چھ مختلف دکانوں پر چھاپے مار کر غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران دو دکانوں سے تقریباً ایک کوئنٹل (100کلوگرام) سڑا گلا گوشت برآمد کیا گیا، جو فریج میں رکھا ہوا تھا اور جس سے شدید بدبو آ رہی تھی۔حکام کے مطابق برآمد شدہ گوشت کو فوری طور پر زمین میں دفن کر کے ضائع کر دیا گیا۔ طارق محمود نے بتایا کہ یہ مہم ریاست بھر میں جاری ہے اور پونچھ میں بھی اسے سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک سے بچایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام ہوٹل مالکان اور قصابوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف مصدقہ گوشت ہی فروخت کریں، جس پر تیاری کی تاریخ، مدتِ استعمال اور حلال یا جھٹکا ہونے کا سرٹیفیکیٹ موجود ہو۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ بغیر سرٹیفیکیٹ والا گوشت خریدنے سے گریز کریں کیونکہ یہ صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔طارق محمود نے عزم ظاہر کیا کہ محکمہ فوڈ سیفٹی کی یہ کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ لوگوں کو صاف، محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔