حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں محکمہ فوڈ سیفٹی نے اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود کی قیادت میں ایک خصوصی مہم کے تحت اچانک چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ اس کارروائی میں فوڈ سیفٹی انسپکٹر ظفر اقبال اور ان کی ٹیم نے شہر کے مختلف ہوٹلوں اور مٹھائی کی دکانوں میں فروخت ہونے والے پنیر کے معیار کی جانچ کی۔ٹیم نے موقع پر ہی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وین کی مدد سے مختلف دکانوں سے پنیر کے نمونے لئے اور ان کی جانچ کی۔ محکمہ کے مطابق تمام نمونے معیار پر پورے اترے اور کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا خرابی کی نشاندہی نہیں ہوئی، جو عوام کے لئے ایک اطمینان بخش خبر ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ صرف صاف اور معیاری پنیر ہی فروخت کریں اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت مند اور محفوظ خوراک فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے اور ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔محکمہ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد عوام میں صحت و صفائی کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا اور دکانداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا۔شہریوں نے فوڈ سیفٹی محکمہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مہمات نہ صرف لوگوں میں اعتماد پیدا کرتی ہیں بلکہ ضلع میں خوراک کے معیارات کو بہتر اور محفوظ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔