سمت بھارگو
راجوری//پونچھ کے لسانہ گاؤں میں پیر کی دیر شام ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے دوران راشٹریہ رائفلز بٹالین کا ایک فوجی زخمی ہو گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوںکی مشتبہ نقل و حرکت اور موجودگی کی مخصوص اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے پیر شام کو لاسانہ ٹاپ اور ڈنڈاک علاقوں میں کورڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔جیسے ہی فورسز نے علاقہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی شروع کی، گھنے جنگلات میں چھپے ملی ٹینٹوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملی ٹینٹوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے آدھی رات تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔فوج کے مطابق، زخمی فوجی کو فوری طور پر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔فوج نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’پیر رات کو لسانہ، سرنکوٹ میں جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ملی ٹینٹوںسے رابطہ قائم ہوا۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں ملی ٹینٹوںکو فرار ہونے سے روکنے کے لئے اضافی دستے تعینات کر دئیے گئے ہیں اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔منگل کی صبح سے اب تک علاقے سے کوئی تازہ فائرنگ کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم، علاقے میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے مکمل نگرانی اور تلاشی جاری ہے۔