محتشم احتشام
پونچھ// ضلع انتظامیہ پونچھ کی ہدایات پر بدھ کے روز مگھرال روڈ، بلاک بفلیاز میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دی گئی۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جس کی نگرانی تحصیلدار سرنکوٹ نے کی۔ اس موقع پر ضلعی معدنیات افسر پونچھ، ایس ایچ او سرنکوٹ، بی آر او کے افسران اور نائب تحصیلدار چندی مڑھ بھی موجود تھے۔کارروائی کے دوران ٹیم نے سڑک کے کنارے غیر قانونی طور پر جمع کی گئی بجری اور ریت کے بڑے ذخیرے کو تلف کر دیا۔ موقع پر موجود ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ مگھرال روڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی کان کنی یا معدنی مواد کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔تحصیلدار سرنکوٹ نے کہا کہ قدرتی وسائل عوامی ملکیت ہیں، اور ان کی غیر قانونی دوہنے سے نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی اطلاع انتظامیہ کو دیں جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے انتباہ دیا ہے کہ مستقبل میں اس نوع کی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے مرتکبین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ ضلع پونچھ میں قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔