محتشم احتشام
پونچھ //ضلع پونچھ پولیس نے غیر قانونی طور پر مویشیوں کی نقل و حمل کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے چار گاڑیاں ضبط کیں اور 20 مویشیوں کو بحفاظت برآمد کرلیا۔پولیس نے کل صبح سویرے مرزا موڑ کے مقام پر ایک خصوصی ناکہ لگایا۔ اس دوران چار ٹاٹا موبائل گاڑیاں روکی گئیں جن میں مویشی غیر قانونی طور پر اور بغیر کسی مستند دستاویز کے منتقل کئے جا رہے تھے۔اس دوران پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کی ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے تمام 20 مویشیوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لیا اور ملوث ڈرائیوروں و دیگر افراد کے خلاف تحقیقات شروع کر دی جبکہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سرنکوٹ میں دفعہ 223 بی این ایس کے تحت الگ الگ چار مقدمات (نمبر 242، 243، 244، اور 245) درج کئے گئے ہیں۔پونچھ پولیس نے واضح کیا ہے کہ مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ اور قانون شکنی کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ ضلع میں قانون کی بالادستی اور جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔