حسین محتشم
پونچھ//میونسپلٹی پونچھ نے ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر حاجی مارکیٹ پونچھ میں انسداد تجاوزات مہم چلائی۔اس مہم کا مقصد دکانداروں کی جانب سے کئے گئے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانا تھا، جنہیں پہلے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ عوامی مقامات پر رکاوٹیں نہ ڈالیں۔ مہم کے دوران، میونسپل کونسل کے عملے نے سڑک پر رکھی گئی اشیاء کو ضبط کر لیا اور مستقبل میں عدم تعمیل کے لئے انتباہ کے طور پر ان کی گاڑی میں لوڈ کیا گیا۔ تاہم، پونچھ کے مکیوں نے اس مہم پر توجہ مرکوز کرنے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا، اور سوال کیا ہے کہ یہ مہم صرف حاجی مارکیٹ تک ہی کیوں محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کونسل کا افسران بتائیں کہ دیگر علاقے، جیسے مین بازار، درانی بازار، اور پوسٹ آفس مارکیٹ میں تو سب سے زائدخاص طور پر گلیوں میں دکانداروں (راہڑیوالوں) کی طرف سے نمایاں تجاوزات کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ تجاوزات پریڈ سے لے کر پوسٹ آفس مارکیٹ تک خاص طور پر دفتری اوقات کے دوران شدید ٹریفک جام کا باعث بنتی ہے۔ عوام پونچھ کی میونسپلٹی سے مزید جامع کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارروائیوں کو شہر کے دیگر حصوں تک پھیلا دیں اور ان وسیع مسائل کو حل کریں، جو مقامی آبادی کے لیے مسلسل چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا اس سے ان لوگوں میں عدم اطمینان بڑھتا جا رہا ہے، وہ شہر میں تجاوزات کے وسیع مسئلے سے نمٹنے کے لئے میونسپلٹی کے منتخب طرز عمل کو ناکافی سمجھتے ہیں۔