محتشم احتشام
پونچھ //ضلع پونچھ میں ٹریفک نظام کو منظم اور روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس نے ناجائز پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس خصوصی مہم کے دوران کئی گاڑیاں ضبط کی گئیں اور متعدد مقامات پر غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کئے گئے۔ مہم کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا اور سڑکوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ٹریفک پولیس کی کارروائی خاص طور پر ناخواں والی چوک، قلعہ بازار اور ضلعی ہسپتال کے اطراف میں عمل میں لائی گئی۔ بتا یہ وہ علاقے ہیں جہاں آئے دن غلط پارکنگ کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا تھا۔ ان مقامات پر کھڑی گاڑیوں کو کرین کی مدد سے ہٹا کر پولیس تھانہ منتقل کیا گیا، جب کہ کئی گاڑی مالکان کو موقع پر ہی تنبیہ اور جرمانے کیے گئے۔ایس او ٹریفک محمد معروف نے کہا کہ عوام سے پرزور گزارش ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں غلط جگہ پارک نہ کریں۔انہوں نے کہا ناجائز پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے، ایمرجنسی گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ کے بازاروں اور ہسپتال کے اطراف پارکنگ کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے سڑکیں تنگ ہو جاتی ہیں، جس سے نہ صرف مسافرین بلکہ مریضوں کو بھی شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق، اس مہم کو آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور کسی بھی شخص کو ٹریفک نظم میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ناجائز پارکنگ اب ناقابلِ برداشت جرم سمجھا جائے گا، اور قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوامی حلقوں نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے پونچھ شہر میں ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہری زندگی مزید سہل و منظم بنے گی۔