حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں عید میلادالنبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ضلع کے مختلف قصبوں اور دیہات میں دن بھر میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ رات کے وقت شبانہ جلوس محمدی ؐ بڑی شان و شوکت کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں۔ جلوسوں میں نوجوان، بچے اور بزرگ کثیر تعداد میں شریک ہو کر نعرہ تکبیر و رسالت بلند کر رہے ہیں۔اس دوران مختلف مساجد اور درگاہوں میں محافل میلاد کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں حفاظ و قراء حضرات تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت خواں حضور اکرم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اس دوران علماء کرام اپنے خطابات میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیﷺ کی سیرتِ طیبہ پر تفصیل سے روشنی ڈال رہے۔اس دوران بات کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ رسول اللہ ﷺکی زندگی بنی نوع انسان کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیرت النبی ﷺ کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں تاکہ معاشرہ امن، اخوت اور بھائی چارے کا گہوارہ بن سکے۔شبانہ جلوسوں میں شریک لوگوں نے گھروں اور دکانوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا۔ پورے ضلع میں روحانی اور پرمسرت فضا قائم ہے۔ ہر طرف درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں اور گلی کوچے میلاد النبی ﷺ کے نور سے منور ہو گئے ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ روح پرور تقریبات دلوں کو سکون بخشنے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کو اتحاد اور اخوت کا درس بھی دیتی ہیں۔