محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے ٹاؤن ہال میں محکمہ میونسپل کونسل کی جانب سے ’سیوا پرو‘ مہم کے تحت صفائی ملازمین کے لئے ایک خصوصی طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا مقصد ان کارکنان کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانا تھا جو دن رات شہر کی صفائی ستھرائی میں مصروف رہتے ہیں۔کیمپ کے دوران محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹروں نے صفائی ملازمین کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ضرورت کے مطابق مفت ادویات فراہم کیں۔ ڈاکٹروں نے ملازمین کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر بھی بتائیں۔اس موقع پر صفائی ملازمین نے محکمہ صحت اور میونسپل کونسل کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ ان کی جسمانی صحت اور تحفظ کے لئے نہایت مفید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔میونسپل حکام کا کہنا تھا کہ صفائی ملازمین شہر کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس کیمپ کو مقامی شہریوں نے بھی ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیا۔