حسین محتشم
پونچھ//پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں ماہ محرم الحرام کے موقع پر مختلف تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔پوری دنیا میں حضرت امام حسین اور ان کے اہل بیت کی شہادت کو بڑے جوش و جذبے کے ساتھ یاد کیا جا رہا ہے۔سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر انجمن جعفریہ پونچھ نے شہدائے کربلا کی یاد میں راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال میں ایک خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جس میں خون کے درجنوں یونٹ جمع ہوئے۔مقامی نوجوانوں اور بزرگوں نے خون عطیہ کیمپ میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔اس موقع پر جامع مسجد حضرت علی علیہ السلام پونچھ کے امام مولانا امان حیدر رضوی نے بتایا کے مریضوں اور ضرورت مندوں کے لئے انجمن جعفریہ پونچھ کی کوششوں سے آج شہدائے کربلا کی یاد خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس میں متعدد یونٹ خون جمع ہوا۔انہوں نے کہا انشاء اللہ اور یہ خون ضرورت مندوں کے کام آئے گا۔انہوں نے نے کہا شہدائے کربلا کے پیغام کو عام کرنا ہے تو پہلے انسانیت کے پیروکار اور ظلم و ستم سے انکار کرنا سیکھنا ہوگا تبھی حرمتوں عظمتوں اور فضیلت والے مہینے سے فیض حاصل کر سکتے ہیں۔انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر مقصود احمد قلی ہمارے نوجوان سال بھر ضرورت مندوں کو خون عطیہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایام عزا کے دوران یہ خصوصی کیمپ اس لئے لگایا گیا تاکہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ہم لوگ اگے بھی جاری رکھیں گے اور امید کریں گے کہ اس خون سے مریضوں کی قیمتی جانیں بچ سکیں گی۔شیعہ علماء کونسل جموں و کشمیر کے صدر مولانا کرامت حسین جعفری نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا بلڈ ڈونیشن پروگرام بلاشبہ ایک عظیم، باوقار اور انسان دوست قدم ہے۔ یہ نہ صرف محتاج انسانیت کی خدمت ہے بلکہ امام حسین کی اس لازوال قربانی کی عملی یاد دہانی بھی ہے جس کا محور ہی ‘‘زندگی عطا کرنا’’ تھا۔یقیناً یہ اقدام ملت کے افتخار، خدمتِ خلق کے جذبے اور فکرِ حسین کے عملی فروغ کی درخشاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا یہایک ایسا عمل ہے جو قوم کی عظمت، بیداری اور ایثار کی علامت بن کر ابھرتا ہے۔انہوں نے مزید کہاایسے پروگرام قوم میں ایثار، ہمدردی اور اجتماعی شعور کو فروغ دیتے ہیں۔ انجمن جعفریہ پونچھ اس کارِ خیر کی مستحقِ صد تبریک ہے، جو خون کے ایک قطرے کو حیاتِ نو میں بدلنے کا ذریعہ بنا رہی ہے۔