حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع ہیڈکوارٹر پر واقع چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کا ایک حصہ گزشتہ رات پراسرار آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گیا۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق دفتر کے نائٹ واچ مین نے رات کے وقت عمارت کے ایک حصے سے آگ کی لپٹیں اٹھتی دیکھیں، جس پر اْس نے فوراً شور مچا کر دیگر عملے کو الرٹ کیا، اور فوری طور پر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا گیا۔حکام نے مزید بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم دفتر کا ایک حصہ، جس میں ‘سمگرہ’ سیکشن واقع تھا، بری طرح متاثر ہوا۔انہوں نے کہاکہ ’آگ لگنے سے کچھ اہم کاغذات، فائلیں اور موبائل اسکولوں کے لئے موصولہ کچھ سولر لائٹس کو نقصان پہنچا ہے‘۔چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں تعینات سٹینوگرافر محمد طارق نے بتایا کہ دیر رات ڈھائی بجے وہاں قریب تعینات سی ار پی ایف اہلکاروں نے جلنے کی بد بومحسوس کی۔ اس کے بعد چار بجے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس کا عملہ جائے واردات پر پہنچ گیا۔انہوں نے بتایا کہ اسٹور میں پرانی فائلیں اسٹیشنری اور فرنیچر پڑا ہوا تھا جو جل کر راکھ ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سٹور میں چند کمپیوٹر بھی تھے جو سب جل گئے۔آگ لگنے کی کیا وجوہات تھی ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ ادھر پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔