عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ کے قریب واقع گاؤں کلائی میں پیر کے روز ایک سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک فوجی اہلکار بھی شامل ہے۔حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک ایکو گاڑی (نمبر JK12B 7020) اور ایک فوجی بلٹ پروف ٹرک جموں-راجوری-پونچھ نیشنل ہائی وے پر کلائی کے مقام پر آمنے سامنے ٹکرا گئے۔حادثے کے بعد پولیس اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں ساجد احمد ولد محمد طیّب، اس کی اہلیہ سیدہ فاطمہ، اسماء خاتون زوجہ ساجد احمد تینوں ساکنان سرنکوٹ اور فوجی اہلکار جتندر سنگھ شامل ہیں۔تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پونچھ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں تاہم انہیں مزید طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔پولیس نے اس حادثے کے سلسلے میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لئے ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم بعد ازاں صورتحال معمول پر آ گئی۔یاد رہے کہ جموں-پونچھ شاہراہ پر آئے دن سڑک حادثات رونما ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر ٹریفک حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔