جاوید اقبال
مینڈھر// فوج کی رومیو فورس اور جموں-کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے ہفتہ کو پونچھ ضلع میں تلاشی مہم شروع کی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد فوج کی رومیو فورس اور جموں و کشمیر پولیس کے ایس او جی نے مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ یہ رپورٹ درج کیے جانے تک فورسز بڑے پیمانے پر تلاشی میں مصروف تھیں۔ سرچ آپریشنز کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ حکام کے مطابق، 30 دسمبر 2023 کو جموں کشمیر پولیس کی رومیو فورس اور ایس او جی نے مینڈھر کے کسبلاڑی علاقے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔ دھماکہ خیز مواد کو فوج نے کسبلاڑی کے علاقے کے جنگل میں موقع پر ہی تباہ کر دیا۔ جمعرات اور جمعہ کی صبح بھی مینڈھر کے منکوٹ سرحدی سیکٹر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مشتبہ فراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعے کے روز بھی فوج نے مینڈھر سیکٹر کے علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق بفلیاز میں ڈھیرہ کی گلی کے نزدیک 21 دسمبر 2023 کو فوجی گاڑیوں پر حملے کے بعد پونچھ اور راجوری کے جنگلی اور دیہی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا تھا جو ہنوز جاری ہے۔پولیس کے مطابق اس حملے میں چار فوجی جوان جاں بحق ہوئے تھے۔