عشرت حسین بٹ
منڈی//سنیچر کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی پورٹر اور ایک گھوڑا زخمی ہو گیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجی پورٹر سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہا تھا کہ اچانک گھوڑے کا پاؤں ایک بارودی سرنگ پر پڑا جس کی وجہ سے دھماکہ ہوا جس میںدونوں زخمی ہو گئے جس کے بعد اسے علاج کے لیے سب ضلع ہسپتال منڈی لے جایا گیا۔ زخمی فوجی پورٹر کی شناخت مختار احمد ولد محمد سلیم ساکن گگریاں منڈی کے بطور ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ پورٹر کو متعدد زخم آئے تھے۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ اس کی حالت مستحکم ہے۔