جموں//جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے متصل کئی جنگلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق پونچھ کے گلپور سیکٹر میں کل ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح ایل او سی کے متصل کئی جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن لانچ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ کھوجی کتوں اور ڈرون کیمروں کی مدد سے جنگلی علاقوں کو کھنگالا جا رہا ہے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے ۔دفاعی ذرائع نے پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ایل او سی پر فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امکانی دراندازی کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔یو این آئی-