عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان (اننت ناگ-راجوری) میاں الطاف احمد نے پونچھ ضلع میں جاری سرحد پار گولہ باری کے دوران ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔جاری کردہ ایک بیان میں میاں الطاف نے کہا کہ پونچھ کے مختلف علاقوں میں جاری گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گولہ باری کی زد میں آ کر متعدد رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔میاں الطاف نے کہا کہ وہ مسلسل راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہیں، راشن اور دیگر ضروری امداد فراہم کریں اور زخمیوں کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ میاں الطاف نے کہاکہ ’’اس نازک وقت میں ہم سب کو مل کر متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور مدد کا جذبہ اپنانا ہوگا۔‘‘قابل ذکر ہے کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں گزشتہ رات سے جاری شدید گولہ باری نے کئی علاقوں کو جنگ کا میدان بنا دیا ہے، جس سے نہ صرف جانی نقصان ہوا ہے بلکہ مقامی آبادی کو اپنے گھروں سے نقل مکانی پر بھی مجبور ہونا پڑا ہے۔