حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے علاقہ مڈل سکول حرمی ڈکھی گراؤنڈ، سیڑھی خواجہ میں سافٹ ٹینس چمپئن شپ 2024-2025 اختتام پذیر ہوئی۔واضح رہے کہ اس چمپئن شپ میں مختلف عمر کے 80 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں لڑکوں اور لڑکیوں نے اپنی صلاحیتوں اور مسابقتی جذبے کا مظاہرہ کیا۔ یہ چمپئن شپ جموں و کشمیر ایمیچرسافٹ ٹینس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے بینر تلے منعقد کی کی گئی۔ڈسٹرکٹ پونچھ سافٹ ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار احمد جن کی قیادت میں یہ چمپئن شپ منعقد کی گئی، نے انتظامیہ کی اقدامات کی ستائش کی ہے۔بتا دیں کی چمپئن شپ کی انتظامیہ میں خزانچی محمد اقبال ملک، جنرل سیکرٹری محمد شبیر لون، منظور احمد اور مجموعی طور پر ٹیکنیکل سپروائزر اور کوچ پرویز احمد ملک کھلاڑیوں کی رہنمائی کررہے تھے۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر خواجہ خورشید احمد مبصر تھے۔ ان کے ہمراہ سید ذاکر حسین آفیشلز، سجاد احمد، طاہر یاسین، دانش نذیر بھی موجود رہے۔ 7 فروری سے 8 فروری 2025 دو دن پر محیط اس چمپئن شپ کا مقصد خطے میں نرم ٹینس کے کھیل کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ مختلف عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کی شرکت ضلع پونچھ میں سافٹ ٹینس میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو نمایاں کرتی ہے۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ خورشید احمد نے نوجوان کھلاڑیوں کی لگن کی تعریف کی اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ انہوں
نے جسمانی تندرستی اور نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیا جو کھیل نوجوانوں میں پیدا کرتے ہیں۔ سید ذاکر حسین نے بھی منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شرکاء کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔منتظمین نے کہا کہ ان کھیلوں کا مقصد نہ صرف ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنا ہے بلکہ کھلاڑیوں کو ریاستی اور قومی سطح پر اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لئے بھی تیار کرنا ہے۔