عشرت حسین بٹ
منڈی//جمعہ کو بعد دوپہر ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے براچھڑ میں علاقے میں ایک ٹاٹا موبائل سڑک حادثے کی شکار ہوئی جس میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ اس حادثے میں ایک بچے سمیت تین افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں جنھیں علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی سے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبرJK12 5125منڈی سے براچھڑ کی طرف روانہ تھی اچانک براچھڑ موڑ میں پہنچ کر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک کھائی میں جا گری جس میں سوار ایک بچے سمیت چار افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے جنھیں بعد ازاں مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے رفیق احمد صوفی ولد ثنا اللہ ساکنہ براچھڑ نامی شخص کو مردہ قرار دیا جبکہ اس سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے لوگوں کی شناخت ذاکر حسین شاہ ولد قمر دین شاہ، بابر شاہ ولد فاروق شاہ اور ایک چھہ سالہ بچے برحان شاہ ولد سکندر شاہ ساکنان براچھڑ کے طور پر ہوئی ہے جنھیں مزید علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے معاملہ درج کر دیا ہے۔