عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ایک 26 سالہ پاکستانی درانداز کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں منگل کو لائن آف کنٹرول پر گرفتار کیا گیا۔ حکام نے بتایاکہ یہ گرفتاری ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تنائو اور پہلگام حملے کے بعد سرحدوں پر تقریباً روزانہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے درمیان عمل میں آئی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے ترکھل گائوں کے رہائشی وقاص کو چکن دا باغ کے علاقے کے ایک آگے گائوں سے الرٹ فوجی اہلکاروں نے کنٹرول لائن کو عبور کرنے اور ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے کے فورا ًبعد حراست میں لے لیا۔ حکام نے بتایاکہ ابتدائی پوچھ گچھ سے پتہ چلتا ہے کہ وقاص نادانستہ طور پر اپنے گائوں سے دوسری طرف سے ایل او سی عبور کر گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے وقت درانداز سے کوئی قابل اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا۔