عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے اور اس سے نمٹنے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے کی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ تیاریوں، ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار اور طویل مدتی روک تھام کی حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی ایف او ٹیریٹوریل نے اجلاس کو موجودہ احتیاطی و حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 17 جنگلاتی آگ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جن میں محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جنگلاتی آگ کی جلد نشاندہی کے لئے ’فاریسٹ سروے آف انڈیا‘ کے فائر الرٹ سسٹم کے تحت موصول ہونے والے ایس ایم ایس الرٹس سے مدد لی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ جنگلاتی آگ کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ واقعے پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی، محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور مقامی لوگوں کی فعال شمولیت جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے آپس میں قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ جنگلاتی آگ سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ آگاہی مہمات کے ذریعے عوام میں شعور پیدا کیا جائے گا اور انہیں اس مسئلے کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر بھی احتیاطی اقدامات کئے جا سکیں۔