عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //پونچھ کے دور افتادہ علاقوں میں مقیم خانہ بدوش بکروال کمیونٹی کی زندگی کو آسان بنانے کی ایک اہم کوشش کے تحت فوج نے سلیپنگ بیگ اور مچھر دانیاں تقسیم کیں۔ اس اقدام کا مقصد سردیوں کے مہینوں میں شدید موسمی حالات کا سامنا کرنے والے افراد، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔یہ تقریب مقامی لیڈران اور کمیونٹی کے بزرگوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس میں فوجی افسران نے کمیونٹی کے ساتھ براہِ راست بات چیت کی اور ان کی ضروریات کو سمجھنے کی کوشش کی۔ پونچھ جیسے دشوار گزار علاقے میں جہاں بنیادی سہولیات تک رسائی محدود ہے، اس طرح کے اقدامات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔فوج کی جانب سے دئیے گئے سلیپنگ بیگز خاص طور پر سخت سردی کے لئے تیار کئے گئے ہیں تاکہ بکروال بچوں اور بزرگوں کو رات کے وقت گرمی مہیا ہو سکے۔ دوسری جانب، مچھر دانیاں خاص قسم کے جراثیم کش کیمیکل سے تیار کی گئی ہیں تاکہ ملیریا اور ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔کمیونٹی کے افراد نے اس اقدام پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سادہ مگر موثر اشیاء سے اْن کی روزمرہ زندگی میں بڑا فرق آئے گا۔ انہوں نے فوج کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف زندگی آسان ہوتی ہے بلکہ عوام اور فوج کے درمیان اعتماد بھی بڑھتا ہے۔یہ مہم حکومت ہند کے اْس وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے قبائلی و پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ اس طرح کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوتی ہے بلکہ یہ عمل علاقے میں یکجہتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔فوجی افسران کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے کام کرتے رہیں گے تاکہ ایسے طبقات جو اب تک بنیادی سہولیات سے محروم رہے ہیں، اْن تک مدد پہنچائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب ہر طبقے کو ترقی کا برابر حق دیا جائے۔